فوٹو: فائل
لاہور : سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی پاکستان کو درپیش سب سے بڑا چیلنج بن چکی ہے، جس پر قابو پانے کے لیے اسے قومی ایجنڈا بنانا ہوگا اور حکومت کے ساتھ معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
نجی ہوٹل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا اعلان کیا ہے، جس میں تمام صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے سے متعلق روایتی سوچ سے نکل کر عملی اقدامات کرنا ہوں گے، کیونکہ ترقیاتی منصوبوں اور وسائل کی منصوبہ بندی آبادی کے حجم کو مدنظر رکھ کر کی جاتی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کے لیے مختص وسائل پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔ اسی تناظر میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے 10 اضلاع میں سکول میل پروگرام شروع کیا ہے۔ انہوں نے علما ءکرام، میڈیا اور معاشرے کے دیگر طبقات پر زور دیا کہ وہ آبادی میں اضافے سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خواہش ہے کہ تمام طلباء کو لیپ ٹاپ اور سکالرشپس فراہم کی جائیں، تاہم بڑھتی ہوئی آبادی وسائل کی تقسیم میں ایک بڑا چیلنج بن رہی ہے۔
کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی عمارت گرنے کے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ انتہائی دل دہلا دینے والا سانحہ ہے۔ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں، تاہم حادثہ رونما ہو چکا تھا۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اس بات کا ضرور جائزہ لیں کہ ان کے بچے جس تعلیمی ادارے یا ٹیوشن سینٹر میں جا رہے ہیں، وہ محفوظ بھی ہے یا نہیں۔





.jpeg)





