فوٹو: فائل
چین زمین کو ممکنہ خطرناک خلائی چٹانوں سے بچانے کی تیاری کے طور پر ایک اہم خلائی تجربہ کرنے جا رہا ہے، جس میں ایک خلائی جہاز کو سیارچے 2015 ایکس ایف 261 سے ٹکرایا جائے گا۔ اس مشن کا مقصد سیارچے کا راستہ تبدیل کرنے اور زمین کے دفاعی نظام کی صلاحیت کو جانچنا ہے۔
چینی سائنس دانوں کے مطابق یہ تجربہ 2030 کے قریب کیا جا سکتا ہے۔ منصوبے کے تحت دو خلائی جہاز روانہ کیے جائیں گے، جن میں سے ایک سیارچے سے ٹکرائے گا جبکہ دوسرا محفوظ فاصلے سے اس تصادم کا مشاہدہ کرے گا اور طویل عرصے تک تبدیلیوں کا جائزہ لیتا رہے گا۔
چین کا منصوبہ ایک ایسے سیارچے کو نشانہ بنانے کا ہے جو زمین کے قریب گردش کرتا ہے اور اس کے ڈھانچے پر اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
سائنس دانوں کے مطابق اس مشن سے سیارچوں کی اندرونی ساخت، کثافت، مضبوطی اور مستقبل میں زمین کو ممکنہ خطرات سے بچانے کے طریقوں کے بارے میں معلومات حاصل ہوں گی تاہم 2015 ایکس ایف 261 کے بارے میں محدود مشاہدات ایک بڑا چیلنج ہیں، کیونکہ اب تک اس سیارچے کا محدود تعداد میں ہی مشاہدہ کیا گیا ہے۔











