آسٹریلوی وزیراعظم کا ہتھیاروں سے متعلق قوانین سخت کرنے کا اعلان
کینبرا: آسٹریلیا کے وزیراعظم نے سڈنی واقعے کے بعد ہتھیاروں کےقوانین سخت کرنے سمیت دیگرضروری اقدامات کا اعلان کردیا۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈی بیچ پر گزشتہ روز 2 افراد نے شہریوں پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوئے اور 40 کے قریب زخمی ہیں۔
اس حملے کے بعد آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز نے ہتھیاروں کے قوانین سخت کرنے سمیت دیگر ضروری اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گن لائسنس ہمیشہ کے لیے نہیں ہونے چاہئیں۔
انتھونی البانیز نے کہا کہ حملہ آوروں میں سے ایک کے پاس 6 ہتھیار رکھنے کا لائسنس تھا تاہم اب ہم ہتھیاروں کے قوانین سخت کرنے سمیت ہرضروری اقدام کے لیے تیار ہیں۔
سڈنی حملے پر آسٹریلوی وزیر داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ حملے میں ملوث شخص اسٹوڈنٹ ویزا پر آسٹریلیا آیا جب کہ اس کا بیٹا آسٹریلیا میں ہی پیدا ہوا۔
دوسری جانب سڈنی حملے پر آسٹریلیا میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔











